پریس ریلیز/مذمتی بیان
ایگزیکٹیو کونسل پشاور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کا ہنگامی اجلاس زیر صدارت امین الرحمن یوسفزئی صدر پشاور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن منعقد ہوا۔ اجلاس میں سیکریٹری کے فرائض اشفاق احمد داؤدزئی سیکریٹری جنرل پشاور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن نے انجام دیئے۔
ایگزیکٹیو کونسل نے اسرائیل اور امریکہ کی جانب سے اسلامی جمہوریہ ایران پر مذاکرات کی آڑ میں بزدلانہ اور غیر قانونی جارحیت کرکے ایرانی سپریم لیڈر اور رہبر آیت اللہ علی خامنہ ای کے ہمراہ دیگر قومی رہنماؤں، ایرانی سکول پر بمباری کے نتیجے میں معصوم طلباء کو باقاعدہ ٹارگٹ کرکے شہید کرنے کی پرزور الفاظ میں مذمت کی اور اس حملے کو عالمی قوانین اور جنیوا کنونشن کی کھلم کھلا خلاف ورزی قرار دیا۔
ایگزیکٹیو کونسل نے مزید کہا کہ اسرائیل اور امریکہ اپنے مذموم عزائم کی تکمیل کے لئے بتدریج مختلف مسلم ممالک پر جارحیت کرکے دنیا بالخصوص خطے کا امن داؤ پر لگا چکے ہیں جس سے انسانی المیہ اور بحران پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔
ایگزیکٹیو کونسل نے اس موقع پر ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای شہید اور دیگر شہداء کے درجات کی بلندی کے لئے دعا بھی کی۔
ایگزیکٹیو کونسل نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ ایران اسرائیل جنگ کے دوران پاکستانیوں کی حفاظت کو یقینی بنائیں اور ایرانی عوام کی بروقت خوراک اور ادویات کی شکل میں امداد ارسال کریں اور فوری طور جنگ بندی کے لئے عالمی رہنماؤں سے رابطے کریں۔
ایگزیکٹیو کونسل پشاور ہائی کورٹ نے کراچی میں پر امن مظاہروں کے دوران نہتے شہریوں پر بلا اشتعال فائرنگ اور اسکے نتیجے میں 40 سے زائد نہتے شہریوں کی ہلاکت پر شدید تشویش کا اظہار کیا اور اس عمل کو آئینی اور جمہوری اقدار کے منافی قرار دیا نیز ایگزیکٹیو کونسل وفاقی و صوبائی حکومت سے مطالبہ کرتی ہے کہ اس امناک سانحے پر جوڈیشل انکوائری کروائی جائے تاکہ ملوث افراد کا تعین کرکے کیفر کردار تک پہنچایا جا سکے۔
ایگزیکٹیو کونسل پشاور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن غم کی اس گھڑی میں ایرانی عوام کے ساتھ برابر کے شریک ہے اور شہادتوں کے پیش نظر کل مورخہ 2026-03-02 بروز پیر صوبہ بھر میں ایک روزہ سوگ کا اعلان کرتی ہے۔
منجانب:
ایگزیکٹیوکونسل پشاور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن
ملک محمد نعمان
پریس سیکریٹری
پشاور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن۔




